ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں ڈکیتی کا ناٹک کرنے کے لئے جیویلر نے خود ہی اپنی آنکھوں میں ڈالا مرچ پاؤڈر!

مینگلور میں ڈکیتی کا ناٹک کرنے کے لئے جیویلر نے خود ہی اپنی آنکھوں میں ڈالا مرچ پاؤڈر!

Tue, 27 Mar 2018 11:58:57    S.O. News Service

منگلورو27؍مارچ (ایس او نیوز)منگلورو کے ایک جیویلر نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ موٹر بائک پر آنے والے دو لٹیروں نے اس کی آنکھوں میں مرچی کاپاؤڈر ڈال کر اس کے پاس موجود 54گرام سونے کے زیورات لوٹ لیے،جس کی مالیت 1,35000/-روپے ہے۔

پانڈیشورپولیس کو ہریش اچاریہ نامی اس جیویلر نے بتایا تھا کہ تھوکوٹّو میں واقع حاجی گولڈ اینڈ ڈائمنڈ کو دینے کے لئے وہ جو زیورات لے جارہا تھا، اسے اجنبی افراد نے لوٹ لیا ہے۔ پولیس ابھی اس معاملے کی تحقیقات کرہی رہی تھی کہ اس نے الال پولیس اسٹیشن میں دوسرے دن ایک اور شکایت درج کروائی کہ تلپاڈی کے کینیا نامی قصبے میں واقع اس کے گھر میں رات کے وقت چور گھس آئے اورانہوں نے ایک لاکھ روپے مالیت کے زیورات چرالیے ہیں۔

لیکن پولیس نے جب دونوں معاملات کی تحقیقات شروع کی اور ہریش اچاریہ سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ زیورات لوٹنے اور گھر میں چوری کیے جانے کی جو کہانیاں ہریش نے سنائی ہیں وہ من گھڑت اور جھوٹی ہیں۔چونکہ وہ سخت مالی بحران سے گزر رہاتھااس لئے اس نے خود اپنی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈالنے کے بعد لوٹ لیے جانے کا ناٹک کیا تھااور اپنے سسرال والے جو اس کے گھر مہمان بن کر آئے تھے ان کے زیور بھی اسی نے چرالیے اور چوروں کے گھر میں گھس آنے کی جھوٹی شکایت درج کروائی تھی۔

حقیقت کا پتہ چلتے ہی ہریش اچاریہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے وہ زیوربھی برآمد کرلیے جو اس نے خود چرالیے تھے تاکہ حاجی گولڈ اینڈ ڈائمنڈ والوں کو جو زیور پہنچانے تھے اس کی بھرپائی کی جاسکے۔اس معاملے کو حل کرنے میں اسسٹنٹ پولیس کمشنر راما راؤ کی قیادت میں اینٹی راؤڈی اسکواڈ نے حصہ لیا۔اس کے علاوہ الال پولیس انسپکٹر گوپی کرشنا اور ان کا عملہ بھی اس مہم میں شامل رہا۔


Share: